سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ن لیگ ایسا سیاسی جہاز ہے جو ڈوبنے کے قریب ہے اور جس کا کوئی کپتان نہیں ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ ن لیگ کے بہت سے پرندے اڑان بھرنے کے لیے تیار ہیں، دیکھنا یہ ہے کہ کتنے اڑان بھرتے ہیں، 13 سیاسی جماعتوں کی سیاسی تاش بکھر چکی ہے اور ان کے ہاتھ کچھ نہیں آنا۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ عنقریب لوگ اپنے مسائل کے لئے سڑکوں پر نکلنے کے لئے مجبور ہوں گے، چند ہفتوں میں کوئی سیاسی حل نکالنا ہوگا، جلد 13 جماعتوں کا سیاسی قبرستان بن جائے گا، شہبازشریف کے خلاف عدم اعتماد کوئی مسئلہ نہیں رہا۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی شرائط بھی کھٹائی میں ہے اور دنیا کی امداد بھی انتظار میں ہے، کراچی کے جتنے مسائل ہیں اتنے لوگ ووٹ ڈالنے نہیں نکلے جو اس نظام اور انتظامیہ پر عدم اعتماد کا اظہار ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی