i پاکستان

مرتضی وہاب ایم کیو ایم کے بائیکاٹ کی وجہ سے میئر کراچی بنے، ڈاکٹر فاروق ستارتازترین

April 07, 2025

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ مرتضی وہاب ایم کیو ایم کے بائیکاٹ کی وجہ سے میئر کراچی بنے ، پیپلز پارٹی کے ترجمانوں کو شرم آنی چاہیے وہ دھول جھونک کر انتشار کی سیاست کررہے ہیں۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطا ب میں میئر کراچی کو شدید تنقید کا نشانہ بنا تے ہوئے کہا کہ گورنر کو کام کرنے دو، سب جانتے ہیں سرجانی پر قبضہ کس پارٹی نے کیا ہوا ہے؟، کراچی کیلئے مگرمچھ کے آنسو بہاتے ہو، مرتضی وہاب بتائیں، کیا ڈمپر مافیا کے ساتھ کوئی گٹھ جوڑ ہے؟، کراچی کیلئے مگر مچھ کے آنسو بہاتے ہو، قبضے کرتے ہو، ڈمپر مافیا، ٹینکر مافیا کی دہشتگردی کیخلاف تم نے ایک لفظ نہیں کہا، کیا دہشتگردی کیخلاف شہید ہونے والوں کو معاوضہ نہیں ملتا؟ کیا ہم بھی سوال کریں؟۔انہوں نے کہا کہ مرتضی وہاب ایم کیو ایم کے بائیکاٹ کی وجہ سے میئر کراچی بنے، دو سال سے اوپر ہوگئے تمہیں کراچی کی سیٹ پر زبردستی قبضہ کیے ہوئے، ذرا اپنا نامہ اعمال بھی عوام کے سامنے رکھو، حساب دو، تمہاری صوبائی حکومت نے کیا کیا؟، کے فور 14 سال تمہارے پاس تھا، اگر سراہنے کی اخلاقی جرات نہیں تو کم سے کم کامران بھائی کو اپنا کام کرنے دو۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ماضی میں کراچی میں چند لوگوں نے چائنہ کٹنگ کی، پیپلز پارٹی آج چائنہ نہیں رشین اور امریکن کٹنگ کر رہی ہے، پیپلزپارٹی والے تو اب رہائشی علاقوں کو کمرشلائز کررہے ہیں۔

انہوں نے دعوی کیا کہ بجلی کی قیمتوں میں ساڑھے سات روپے فی یونٹ کی کمی ایم کیو ایم پاکستان نے وفاق سے کروائی، اگلے برس 26 کروڑ گیلن اضافی پانی کراچی والوں کو دلوانے جارہے ہیں، پیپلزپارٹی کے پاس 14 برس تک چارج رہا اور کوئی کام نہیں ہوا۔ایم کیو ایم رہنما کا کہنا ہے کہ فوزیہ وہاب لیجنڈ رہی ہیں پر ان کے بیٹے میں قابلیت نہیں، میئر اپنا کام کرو سوشل میڈیا پر عوام کو گمراہ نا کرو، ہم ابھی پیپلزپارٹی کی فنانشل کرپشن کی طرف نہیں آئے، شہر میں کام نہیں ہوئے اور موٹی موٹی فائلیں بن چکی ہیں، سندھ حکومت ڈمپر متاثرین کو فوری طور پر ایک ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کرے۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ترجمانوں کو شرم آنی چاہیے، پیپلزپارٹی کے ترجمان دھول جھونک کر انتشار کی سیاست کررہے ہیں، ایک سال میں بلدیاتی انتخابات ہونے والے ہیں، پیپلز پارٹی والے بلدیاتی انتخابات میں اپنی خیر منائیں، پیپلز پارٹی والے مفت جدید آئی ٹی کورس تو شروع کروا کر دکھادیں؟، مختلف صورتوں میں 200 ارب روپے ٹیکسز کراچی والے سرکار کو دے رہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ کراچی میں ڈمپر مافیا کے ہاتھوں 150 سے زائد لوگ جنوری سے مارچ تک شہید ہوئے ہیں، فادر آف سٹی کا ڈمپر مافیا کیخلاف ایک بھی بیان نہیں آیا، بے گناہ جانوں کے ضیاع پر وزیراعلی سندھ کا احتساب ہونا چاہیے، گورنر سندھ نے پلاٹس اور رقوم دیکر لواحقین کے دکھوں کا کچھ تو مداوا کیا، وزیراعلی سندھ سے جوابدہی ہونی چاہیے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی