پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز عدلیہ کے فیصلوں پر غصے میں ہیں، نہیں چاہتی کہ صنم جاوید جیل میں جائیں، حکومت مدت مکمل کرے گی۔سوشل میڈیا پراپنے ایک انٹرویو دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کو سیاسی سرٹیفکیٹ دینا ہے تو پھر باقی انتشار پھیلانے والی جماعتوں کو بھی سیاسی سرٹیفکیٹ دینا ہوگا۔ ایک ٹولے کو آپ لاڈلا بناتے رہیں اور وہ ریاست پر حملہ آور ہوتا رہے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اگر ووٹر کو یہ پتہ ہو کہ پی ٹی آئی ریاست پر حملہ کرنے والی جماعت ہے، وہ ووٹر ان کے ووٹر نہیں رہیں گے۔ ایک شخص جو کہہ رہا ہے کہ میں ملک پر حملہ آور ہوا ہوں تو پھر اسے کوئی سزا تو دیں۔ ضروری نہیں کہ آریٹکل 6 ہی لگنا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز عدلیہ پر غصہ نہیں ہیں بلکہ ان کے فیصلوں کے حوالے سے ضرور غصے میں ہیں جن کے فیصلوں کی وجہ سے عدم استحکام آتا ہے۔ نظر ثانی کی اپیل پر انہی 13 ججز کو آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ کرنا ہوگا۔ سینئیرصوبائی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے گورنر کے ساتھ بھی وزیر اعلی کی میٹنگز ہوتی ہیں، بلاول بھٹو کے ساتھ بھی بات چیت چلتی رہتی ہے۔ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن سیاسی مخالف رہی ہیں مگر ایسا کبھی نہیں کیا کہ وہ ریاست پر چڑھ دوڑیں۔ جب ملک کی بات ہوگی تو وہ ہمارے اتحادی رہیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ صنم جاوید کو کبھی دیکھا نہیں تھا مگر انہوں جو جرم کیا ہے، اس کی انہیں سزا ملنی چاہیے۔ نہیں چاہتی کہ کوئی خاتون مریم نواز کی طرح جیل میں جائے۔ میں نہیں چاہتی کہ صنم جاوید کے ساتھ ایسا ہو۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی