وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے مریم نواز کو مسلم لیگ ن کا مستقبل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز کی بڑی سیاسی جدوجہد ہے، انہوں نے ان حالات میں لیڈ کیا جب نواز شریف جیل میں تھے، وہ ن لیگ کا مستقبل ہیں۔ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ مریم نواز پارٹی کی منتخب وزیر اعلی ہیں، نگراں وزیر اعلی اور منتخب میں فرق ہوتا ہے۔ لیگی رہنما نے کہا کہ نواز شریف نے درگزراوربانی پی ٹی آئی نے نفرت کی سیاست کی، بانی پی ٹی آئی نے جوگڑھا کھودا تھا اس میں خود گر چکے ہیں،رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اسی گالم گلوچ بریگیڈ کو ڈس مینٹل کرنے کو بھی تیار نہیں، کیا پی ٹی آئی کی اندرونی لڑائی ہم کرارہے ہیں؟ یہ ہی سوشل میڈیا کرارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپورکوہم نے کہا تھا کہ پوڈ کاسٹ کرکے ایسی گفتگو کریں؟ نومئی کا واقعہ ہم نے نہیں کرایا، فالس فلیگ آپریشن کا بیانیہ ہمارا نہیں تھا۔ راناثنااللہنے کہا کہ الیکشن پاکستان میں جیسے ہوتے رہے ہیں ویسے ہی 2018 میں اور 2024 میں ہوئے، سیاست دانوں نے بیٹھ کر الیکشن ریفارمز کرنے ہیں، الیکشن کمیشن کو مضبوط بنانا ہے۔رانا ثنا نے کہا کہ محمود اچکزئی آئیں ہمارے ساتھ بیٹھیں اوربتائیں کہ ہم کیوں استعفے دیں، سیاسی جماعتیں جب تک بیٹھ کر بات نہیں کریں گی معاملات آگے نہیں چلیں گے، اسٹیبلشمنٹ کا واضح موقف ہے کہ سیاسی جماعتیں آپس میں بیٹھ کر بات کریں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی