i پاکستان

مودی پاکستان مخالف بیانات سے اپنی ساکھ بنا رہے ہیں، پاکستان پر برتری ممکن نہیں، شاہد خاقان عباسیتازترین

April 29, 2025

سابق وزیراعظم اور عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مودی پاکستان مخالف بیانات سے اپنی ساکھ بنا رہے ہیں، پاکستان پر برتری ممکن نہیں، بھارت الزامات کی سیاست کر رہا ہے، دہشت گردی اور آزادی کی تحریک میں فرق ہے، کشمیری اپنا حق مانگ رہے ہیں۔ عالمی سطح پر پاکستان کے خلاف بے وجہ محاذ کھولنے کی پذیرائی نہیں ہوگی۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ مودی بھارت میں اپنی ساکھ بڑھانے کے لیے مسلسل پاکستان کے خلاف بیانات دے رہے ہیں، جیسے کہ وہ ماضی میں بھی کرتے رہے ہیں۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سرحد پر ایسی کئی جگہیں ہیں جہاں عارضی برتری ہو سکتی ہے، مگر وہ امید رکھتے ہیں کہ بھارت یہ سمجھ جائے گا کہ پاکستان پر برتری حاصل کرنا ممکن نہیں۔ بھارت کا رویہ واضح ہے کیونکہ بغیر ثبوت کے پاکستان پر الزامات لگائے جا رہے ہیں، لیکن پاکستان نے ہمیشہ تحمل کا مظاہرہ کیا ہے اور بھارت کے خلاف جارحیت نہیں کی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے شواہد موجود ہیں، تاہم ہم نے بھارت کے خلاف جارحیت نہیں کی تاکہ خطے میں امن قائم رہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے آبی جارحیت کا خطرہ موجود ہے، جس سے قلیل مدت میں شاید کچھ نہ ہو مگر طویل مدت میں بھارت آبی جارحیت سے نقصان ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور تحریک میں بڑا فرق ہے اور کشمیری عوام اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ عالمی سطح پر پاکستان کے خلاف بے وجہ محاذ کھولنے کی پذیرائی نہیں ہوگی۔انھوں نے واضح کیا کہ بھارت کو یہ سمجھنا ہوگا کہ اس کے الزامات اور حملے سیاسی مقاصد کے لیے ہیں، جو کسی صورت کامیاب نہیں ہوں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی