i پاکستان

ملتان، انڈسٹریل اسٹیٹ میں گیس بازر میں دھماکا، 6 افراد جاں بحق، 31 زخمی،کہ نشتر اسپتال میں ایمرجنسی نافذتازترین

January 27, 2025

ملتان میں گیس سے بھرے ٹینکرمیں دھماکے سے 6 افراد جاں بحق اور 31 زخمی ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق ایل پی جی باوزر میں دھماکے سے آگ لگ گئی اور باوزر پھٹنے سے ٹکڑے قریبی آبادی پر جا گرے۔ریسکیو حکام نے بتایا کہ کئی گھنٹوں کی جدو جہد کے بعد آگ بجھا دی گئی ، آگ بجھانے میں 10سے زائد گاڑیوں نے حصہ لیا اور فوم بھی استعمال کی گئی۔ سی پی او ملتان صادق علی کاکہنا ہے کہ گیس بازر دھماکے میں کئی مکانات تباہ اور جانور جھلس کر ہلاک ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ ایل پی جی بازر سے گیس کا اخراج جاری ہے، علاقے کو خالی کرالیا ہے ، بازر دھماکے میں 6 افراد جاں بحق اور 31 زخمی ہوئے ، 13 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔پولیس کا کہناہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں ایک بچی سمیت 3 خواتین اور 2 مرد شامل ہیں، دھماکیکی جگہ سے ملحقہ مکان سے بھی ایک لاش برآمد ہوئی،دھماکے سے قریبی آبادیوں کے 20گھر مکمل طور پر ملبے کا ڈھیر بن گئے جب کہ دھماکے سے جزوی طور پر 70 گھر متاثر ہوئے ہیں۔

دوسری جانب ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کا کہنا ہے کہ نشتر اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور ملحقہ آبادیوں میں سرچ آپریشن جاری ہے ۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کے مطابق جائے حادثہ اور اطراف میں بجلی اور گیس کی فراہمی بند کر دی گئی جبکہ ملتان مظفرگڑھ روڈ کو اب ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔ دوسری جانب ملتان میں ایل پی جی کنٹینر پھٹنے کے بعد انتظامیہ نے غیر قانونی ری فلنگ اسٹیشن کیخلاف کریک ڈائون کا فیصلہ کرلیا، آبادی والے علاقوں میں ایل پی جی کنٹینر کھڑا کرنے پر پابندی لگادی، کمشنر ملتان نے ڈویژن بھر میں ایل پی جی کنٹینرز کی فہرست تیار کرنے کا حکم دیدیا گیا۔ کمشنر ملتان عامر کریم نے ڈویژن میں ایل پی جی کنٹینرز کی فہرست تیار کرنے کا حکم دیدیا، ساتھ ہی گنجان آباد علاقے میں ایل پی جی کنٹینر کھڑا کرنے پر پابندی بھی عائد کردی۔کمشنر ملتان کے مطابق انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ سی این جی، ایل پی جی کی غیر قانونی فلنگ اسٹیشنز پر چھاپے مارے جائیں، حفاظتی اقدامات، آلات کے بغیر دکانوں کو سربمہر، ایف آئی آر درج کروائی جائیں۔عامر کریم نے کہا کہ اسکول بسوں، مسافر بسوں کی از سر نو فٹنس انسپکشن کی جائے، ٹریفک پولیس، ضلعی انتظامیہ، سیکریٹری آر ٹی اے، سول ڈیفنس مشترکہ کارروائی کرے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی