مرکزی رہنما مسلم لیگ ن حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔ پارلیمنٹ ہاوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرکزی رہنما مسلم لیگ ن حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر پاکستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھ سکتے، مسلم لیگ ن کی حکومت میں امن لوٹ آیا تھا،جب بھی پاکستان ترقی کرنے لگتا ہے صیہونی طاقتیں امن خراب کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کس نے آئی ایم ایف کو کہا تھا کہ پاکستان کو فنڈ نہ دیا جائے؟، پی ٹی آئی دور میں دوست ممالک کو ناراض کیا گیا، بجٹ پاس ہونے کے بعد دوست ممالک کے سربراہ پاکستان آئیں گے، تنخواہ دار طبقے کا مسئلہ بھی جلد حل ہوگا۔ حینف عباسی کا کہنا تھا کہ کوئی خاتون یا مرد فوج کو برابولے گاتو صیہونی طاقتیں اس کو ہاتھوں ہاتھ لیتی ہیں، اس وقت آپ کو امریکا برا لگ رہا تھا، آج امریکا میں آپ لابنگ کرکے ایک قرارداد پاس کرا رہے ہیں، ساری چیزوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سازش کا حصہ نہ بنا جائے۔ رہنما مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ آپ کو کس کے کہنے پر پیٹ میں درد اٹھ رہا ہے کہ ملک کی چولہوں کو ہلانا ہے، ہم صیہونی سازش کو کسی صورت پایہ تکمیل تک نہیں پہنچنے دیں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی