قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ ملک کا کوئی ادارہ اپوزیشن لیڈر کو لیٹر لکھ کر طلب نہیں کر سکتا۔جمعہ کو قومی اسمبلی میں نقطہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایف ائی اے نے مجھے طلبی کا لیٹر لکھا ہے جو عمران خان کے خلاف ٹویٹ کی انکوائری کر رہا ہے ۔یہ سراسر زیادتی ہے ،انہیں قانون کا علم نہیں ۔پارلیمنٹ ریاست ہے جو سب سے مقدس ہے۔ اپوزیشن لیڈر کو کوئی ادارہ اس طرح خط لکھ کر طلب نہیں کر سکتا ۔ان لوگوں کو پہلے ائین اور دستور پڑھنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ سرگودھا میں ہمارے کارکنوں کو رہائی کے بعد پھر گرفتار کیا جا رہا ہے جو زیادتی ہے۔ خواتین کا کوئی احترام نہیں کیا جا رہا ۔عمر ایوب نے کہا کہ عمران خان کے ڈیتھ سیل کی جو تصویریں سپریم کورٹ میں جاری ہوئی ہیں انہوں نے عوام کی انکھیں کھول دی ہیں اور ریاست کا چہرہ بے نقاب کر دیا ہے انہوں نے کہا کہ ایک سابق وزیراعظم کو ان حالات میں رکھنا انتہائی ظلم و زیادتی ہے جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی