i پاکستان

ملک کے مختلف حصوں میںٹریفک حادثات میں 17افراد جاں بحق ، 50سے زائد زخمیتازترین

March 28, 2025

ملک کے مختلف حصوں میںٹریفک کے حادثات میں 17افراد جاں بحق اور 50سے زائد زخمی ہوگئے ۔تفصیل کے مطابق بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے ریج میں دو بسوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ۔حادثہ اس وقت پیش آیا جب دونوں بسیں تیز رفتاری کے باعث آپس میں ٹکرا گئیں۔ایمبولینسوں کو فورا جائے حادثہ پر روانہ کر دیا گیا اور زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو قلات منتقل کیا گیا۔اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔لیویز ذرائع کے مطابق حادثے کی وجوہات کا پتہ چلانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ دوسری جانب چکوال میں موٹروے ایم 2 سالٹ رینج میں مسافر بس الٹ گئی۔مسافر بس راولپنڈی سے چشتیاں جارہی تھی، تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی، حادثے کے نتیجے میں 5 مسافر جاں بحق جبکہ 30 زخمی ہوگئے، حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس، موٹروے پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ترجمان ریسکیو کے مطابق فوری طور پر حادثے میں جاں بحق ہونے والے مسافروں کی لاشوں اور زخمیوں کو ٹراما سینٹر کلر کہار منتقل کر دیا گیا، متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

مقامی پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے مسافروں کی شناخت اور ان کے ورثا سے رابطے کی کوششیں جاری ہیں جبکہ حادثے کی تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہے۔ادھر شیخوپورہ میں موٹرسائیکل ٹرک سے ٹکرانے سے 2نوجوان زندگی کی بازی ہار گئے۔حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، حادثے کی اطلاع پر پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں، امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ گئیں، جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی لاشوں کو ضروری کارروائی کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرکے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی۔دریں اثنا خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو کی تحصیل ٹل میں 2 تیز رفتار موٹرسائیکلوں میں ٹکر سے3 افراد جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔پولیس کے مطابق تحصیل ٹل میں گورنمنٹ ڈگری کالج کیسامنے مرکزی شاہراہ پر تیز رفتار 2 موٹرسائیکلیں آمنے سامنے سے ٹکراگئی۔پولیس کا بتانا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں 3 موٹرسائیکل سوارجاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوگیا، جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمی کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔علاوہ ازیں کراچی میں سرجانی ناردرن بائی پاس پر ٹریفک حادثے میں طالب علم جاں بحق ہوگیا، ٹریلر نے موٹرسائیکل سوار لڑکے کو ٹکر ماری۔

سرجانی ناردرن بائی پاس پر ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والا 15سالہ اویس نویں جماعت کا طالب علم تھا، پولیس نے بتایا کہ ٹریلر نے موٹرسائیکل سوار اویس کو ٹکر ماری، ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔لواحقین نے بتایا کہ نویں جماعت کا طالبعلم اویس 5 بہن بھائیوں میں سب سے بڑا تھا، اویس نویں جماعت کا پریکٹیکل دے کر گھر واپس آرہا تھا۔ کراچی کے علاقے مشرف کالونی میں فائرنگ سے 14 سالہ عبداللہ کے زخمی ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے، پولیس نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق عبداللہ گلی میں اپنے گھر کے پاس بیٹھا ہواتھا۔واقعے کی تفصیل بتاتے ہوئے پولیس کا کہنا تھا کہ 2 موٹرسائیکل سوار آئے اور اپنی طرف بلایا، عبداللہ جانے کے بجائے بھاگنے لگا۔پولیس نے بتایا کہ بھاگنے پر ملزمان نے فائرنگ کی جس سے گولی عبداللہ کے بازو پر لگی، زخمی بچے کو اسپتال منتقل کرکے ملزمان کی تلاش اور مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی