مکہ مکرمہ کی پولیس نے ایک پاکستانی خاتون کو 5 سالہ بچی کے اغوا کے الزام میں گرفتار کرلیا ۔ 29 اکتوبر کو مکہ مکرمہ کے علاقے الشوقیہ سے برمی شہریت کی حامل 5 سالہ بچی لاپتہ ہوگئی تھی۔ لاپتہ ہونے والی بچی کا نام رتیل اسعد بتایا گیا تھا، بچی کو اپنے والدین سے ملانے کے لئے مقامی پولیس فوری طور پر متحرک ہوئی اور سوشل میڈیا پر بھی بچی کے اغوا کا واقعہ ٹرینڈ بن گیا تھا۔ پولیس کو لاپتہ بچی یکم نومبر کی صبح اسی علاقے سے واپس مل گئی لیکن پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے اپنی تفتیش جاری رکھی۔ 5سالہ رتیل اسعد کی والدہ نے بتایا کہ بچی کو اغوا ء کرنے والوں نے اسے دوسرے علاقے میں لے جانا چاہتے تھے، اس مقصد کے لئے انہوں نے بچی کے بال بھی کاٹ دیئے تاکہ کوئی اسے پہچان نہ سکے لیکن صورت حال دیکھ کر وہ بچی کو سڑک پر چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں بتایا کہ بچی کے اغوا ء میں ملوث ایک خاتون کو حراست میں لے لیا گیا ہے، یہ خاتون پاکستانی شہری ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی