وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق محکمہ بہبودآبادی پنجاب کے زیر انتظام صوبہ بھر میں عالمی یوم آبادی 11 جولائی کو منایا جائے گا جبکہ اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے رواں ہفتہ کے دوران خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔محکمہ بہبود آبادی فیصل آبادکے ترجمان فیاض احمد کے مطابق گر چاہیے سب کیلئے مساوی مستقبل اور ترقی پائیدار،تو کرنا ہوگا غیر جانبدار اور جامع اعدادو شمار پہ انحصارکے عنوان سے عوام میں شعور و آگاہی پیدا کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ دن منانے کامقصد عوا م الناس میں خواتین اور بچوں کی صحت اور حقوق کے تحفظ، بڑھتی ہوئی آبادی کے مسائل اجاگرکرنا،ماں بچے کی صحت کے حوالے سے احتیاطی تدابیر،ماں بچے کی صحت کیلئے بچوں کی پیدائش میں کم ازکم 3سال کے وقفہ کے فوائد،جدید مانع حمل طریقوں اور ادویات کے استعمال بارے آگاہی فراہم کرنا اور نوزائیدہ بچوں کیلئے ماں کے دودھ کی اہمیت بارے شعوراجاگر کرناہے۔انہوں نے بتایا کہ ہفتہ آبادی کا آغازسوموارکو محکمہ بہبود آبادی کے مراکز پر بڑھتی ہوئی آبادی کے مضمرات پر آگاہی سیشنز کے انعقاد سے کیا گیا جبکہ9 جولائی کو کیبل نیٹ ورک پر محکمہ کے آگاہی پیغامات چلائے جائیں گے اور بڑھتی ہوئی آبادی پر معلوماتی پروگرام کا انعقاد ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ10جولائی کو بڑھتی ہوئی آبادی کے مسائل پرتمام تحصیلوں میں سٹیک ہولڈرز کے ساتھ آگاہی سیشنز، ضلع کی تحصیلوں میں فیملی ہیلتھ کلینک پر تولیدی عمر کی شادی شدہ خواتین کے ساتھ آگاہی پروگرامزمنعقد کئے جائیں گے جبکہ11 جولائی کو ضلعی دفتر بہبود آبادی کے زیر انتظام جناح ہال میں آگاہی سیمینار اور واک کا انعقاد ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ12 جولائی کو تمام تحصیلوں میں فری میڈیکل کیمپس اور جمعہ خطبہ میں خطیب حضرات ماں بچے کی صحت پر خصوصی بات کریں گے۔علاوہ ازیں 13 جولائی کوبڑھتی ہوئی آبادی کے ملکی معیشت پر اثرات کے عنوان پر مصوری مقابلہ کا انعقاد ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ عوامی آگاہی مہم کے تحت تمام تحصیلوں میں محکمہ کے پیغامات پر مبنی پینافلیکس بھی نمایاں جگہوں پر آویزاں کئے جائیں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی