وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جینیوا کانفرنس پاکستان اور سیلاب متاثرین کے لئے بڑی کامیابی ہے، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ اور عالمی برادری کا شکریہ ادا کرتے ہیں، شفافیت کے ساتھ فنڈز کی امانت عوام تک پہنچائیں گے۔ اپنے ایک بیان میں وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے کاز کو اجاگر کرنے پر عالمی اور ملکی ذرائع ابلاغ کے مشکور ہیں، یہ کانفرنس انسانیت کے اجتماعی احساس کی علامت ہے، کانفرنس نے موسمیاتی تبدیلیوں کے سنگین اثرات کا دنیا کو احساس دلایا، یہ کانفرنس انسانیت اور کرہ ارض کی ماحولیاتی بہتری میں اہم عالمی فورم ثابت ہوگی۔ ترجمان حکومت کا کہنا تھا کہ وسائل کی فراہمی سے سیلاب متاثرین کی بہتر زندگی شروع کرنے میں مدد ملے گی، عالمی فورم پر پاکستان اور حمایت کرنے والے شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہیں، سیلاب آتے ہی وزیراعظم شہباز شریف نے تمام اداروں کو ساتھ لے کر اجتماعی کوششیں کیں، یہ اتحادی حکومت کی مشترکہ کوششوں کا عالمی سطح پر اعتراف ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی