i پاکستان

ماحولیاتی تغیربڑا چیلنج ، ہمیں بڑھ چڑھ کر شجرکاری مہم میں حصہ لینا ہوگا،عطاتارڑتازترین

July 22, 2024

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ہمیں بڑھ چڑھ کر شجرکاری مہم میں حصہ لینا ہوگا، آنیوالے وقتوں میں ماحولیاتی تغیر بڑا چیلنج ہے۔ وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے اسلام آباد میں شجرکاری مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ایک شہر ہی نہیں بلکہ دنیا کا خوبصورت شہر ہے ، مارگلہ پہاڑیاں اسلام آباد کی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ پہچان بھی ہیں، درخت زندگی کی علامت ہیں، درخت ہیں تو ہم ہیں اور ہم خوش قسمت ہیں ہمارا وقت اسلام آباد میں گزرتا ہے باقی شہروں میں ہوا آلودہ ہوچکی ہے، اگرچہ اسلام آباد کی ہوا کی کوالٹی اب ویسی نہیں رہی جیسی 10 سال پہلے تھی ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آنے والے وقتوں میں ماحولیاتی تغیر بڑا چیلنج ہے ، اس سے نمٹنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، دنیا کو بھی ماحولیاتی تغیر کے اثرات سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آج سے شجرکاری کا مہم کا آغاز کرنے جارہے ہیں اس کا سوشل میڈیا پر بھی مظاہرہ کیا جائیگا ہماری چھتوں کے اوپر بہت جگہ ہوتی ہے جہاں پودے لگائے جاسکتے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ جنگلوں پر آگ لگی اور سی ڈی اے کے ملازمین نے دن رات آگ بجھائی ہے، پاکستان کا ماحول کو نقصان پہنچانے میں صرف 2 فیصد حصہ ہے، اس کے بدلے پاکستان متاثر ہونے والے 98 فیصد ماحول کی زد میں ہے۔ عطا اللہ تارڑ کاکہنا تھا کہ ہمیں بڑھ چڑھ کر شجرکاری مہم میں حصہ لینا ہوگا، شجرکاری مہم کو سکولوں، کالجز میں بھی شروع کیا جانا چاہیے ، مارگلہ نیشنل پارک کی حفاظت سب کی ذمہ داری ہے جہاں کچھ دیکھیں رپورٹ کریں ، آج آن لائن پورٹل بھی موجود ہے، درخت کو لگا کر آن لائن معلومات لی جاسکتی ہے، ہماری بقا درختوں کے ساتھ منسلک ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعظم، وزیر داخلہ اور تمام حکومت ماحولیات کو بہتر بنانے کے لئے پرعزم ہے ، میڈیا بھی شجرکاری میں بڑھ چڑھ کا حصہ لے اور اپنا وقت کا کچھ حصہ دیں ، میڈیا دفاتر میں شجرکاری کریں یا ہم یہاں جگہ دیں گے پودے لگائیں، اگر اس کام کو تیزی سے نہ کیا گیا تو ہمیں سانس لینے کے لئے آکسیجن لینڈز لینا پڑیں گے ۔ ان کامزید کہنا تھا کہ کورونا نے بہت سکھایا ہے ، ماحول کو صاف رکھنے کی ذمہ داری نبھائیں اور میں پوری کابینہ سے کہوں گا کہ سب اپنے دفاتر کے باہر پورے لگائیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی