سب ڈویژنل مجسٹریٹ کوٹلی نعیم اختر نے بلدیاتی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد اور انتخابات کے انعقاد کو پر امن بنانے کیلئے 3الگ الگ اجلاس طلب کرلئے،اجلاس (آج)بدھ 30نومبر اور(کل)جمعرات یکم دسمبرکو ہوں گے،الیکشن میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں کو شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔
منگل کو سب ڈویژن مجسٹریٹ کوٹلی نعیم اخترکی طرف سے جاری کئے گئے سرکلر میں کہا گیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمدکو یقینی بنانے کیلئے 3 اجلاس طلب کئے گئے ہیں جس میں ڈسٹرکٹ کونسل، یونین کونسل اور وارڈ کونسل کے امیدواران اپنی شرکت یقینی بنائیں۔ امیدواروں کو ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد سے متعلق ہدایات جاری کی جائیں گی جبکہ امیدواران اور ان کے پولنگ ایجنٹس کے کردار کے حوالے سے بھی بریفنگ دی جائے گی، یہ اجلاس بلدیہ کوٹلی میں منعقد ہوں گے، پہلا اجلاس حلقہ راج محل اور یونین کونسل کھڈ گوجراں کے امیداواران سے متعلق ہو گا جو(آج) 30 نومبر بدھ کو دن 11بجے ہو گا جبکہ حلقہ سٹی کوٹلی اور یونین کونسل ڈونگی سگیام سے متعلق دوسرا اجلاس بھی (آج) 30نومبر بدھ کو ہی سہ پہر2 بجے ہو گا جبکہ تیسرا اجلاس یکم دسمبر سہ پہر 2 بجے میونسپل کارپوریشن کوٹلی اور یونین کونسلز سرساوہ، سیاہ ، انوھی سرہوٹہ اور پنجیڑہ سے متعلق ہو گا۔سب ڈویژنل مجسٹریٹ نے میونسپل کارپوریشن اور مذکورہ یونین کونسلز سے تعلق رکھنے والے امیدواران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اجلاس میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی