لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں علی الصبح موسلادھار بارش ہوئی جس کے بعد موسم میں مزید بہتری آ گئی ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں گرج چمک اور تیز ہواں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، بارش کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، پانی جمع ہونے کے باعث گلیاں اور سڑکیں ندی نالوں کو منظر پیش کرنے لگی ہیں، بارش کی وجہ سے متعدد فیڈرز بھی ٹرپ کر گئے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، گوالمنڈی، قرطبہ چوک، ڈیوس روڈ، مال روڈ، اچھرہ، قینچی، چونگی امر سدھو، گجومتہ، اسلامپورہ، بند روڈ، انار کلی، شالامار باغ، ماڈل ٹان، گلبرگ، گارڈن ٹان سمیت دیگر مقامات پر بادل خوب برسے، شدید بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ لاہور کے علاوہ مریدکے، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، صفدر آباد، جڑانوالہ، فیصل آباد، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، کامونکی، نارووال، اوکاڑہ، جھنگ، بہاولپور، رینالہ خورد، کوٹ ادو، بھلوال، کبیروالا، حافظ آباد، منچن آباد، شورکوٹ، پاکپتن اور دیگر شہروں میں بھی صبح کے وقت کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں ہونیوالی بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹنے سے موسم مزید خوشگوار ہو گیا، موسم ٹھنڈا ہونے کی وجہ سے شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے، بارش کی وجہ سے بعض مقامات پر بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی