لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں دوخواتین سمیت پانچ افراد جاںبحق اور متعدد زخمی ہوگئے ۔تفصیل کے مطابق لاہور کے علاقے سندر میں منی ٹرک نے موٹرسائیکل رکشہ کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں رکشہ سوار 2 خواتین سمیت 3 تین افراد جاں بحق ہوگئے۔پولیس کے مطابق ٹریفک حادثہ ملتان روڈ پر سندر تھانے کے سامنے پیش آیا جہاں تیز رفتار منی ٹرک نے موٹرسائیکل رکشہ کو پیچھے سے ٹکر مار دی جس میں 5 افراد سوار تھے۔پولیس نے بتایا کہ حادثے میں 2 خواتین سمیت 3 افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا، ہلاک ہونے والوں میں طیبہ اشرف، مومنہ جمیل اور اللہ دتہ رکشہ ڈرائیور شامل ہے، مرنے والی خواتین سندر گاں کی جب کہ رکشہ ڈرائیور اللہ دتہ بہاولنگر کا رہائشی تھا۔ادھر سرگودھا میں سبزی منڈی کے قریب 2 موٹر سائیکلوں میں تصادم ہونے سے دو نوجوان جاں بحق اور تین شدید زخمی ہوگئے۔
حادثے کی اطلاع پر امدادی ٹیمیں اور پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی، ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر شعیب اور بابر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ریسکیو ذرائع نے مزید بتایا کہ حادثہ میں 15 سالہ ضامن عباس، 8 سالہ جان عباس اور 25 سالہ محمد جہانزیب شدید زخمی ہو گئے، پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی۔دوسری جانب مظفر گڑھ میں ایک اور زائرین کی گاڑی حادثہ کا شکار ہوگئی، رنگپور کے علاقے میں زائرین سے بھری کوسٹر الٹ گئی۔پولیس حکام کے مطابق زائرین کی کوسٹر سخی سرور سے جھنگ دربار سلطان باہو جارہی تھی، ابتدائی معلومات کے مطابق ڈرائیور کی نیند کی وجہ سے کوسٹر سڑک سے اتر کر الٹ گئی،15 زائرین کوسٹر حادثے میں زخمی ہوگئے۔حکام نے مزید بتایا کہ معمولی زخمیوں کو موقع پر طبی امداد دی گئی، شدید زخمیوں کو دیہی مرکز صحت رنگپور شفٹ کر دیا گیا، اس سے قبل گزشتہ روز بھی رنگپور میں زائرین کی بس کو حادثہ کے باعث 4افراد جاں بحق اور دس زائرین زخمی ہوگئے تھے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی