لاہور پولیس کے آرگنائزڈ کرائم یونٹ ماڈل ٹائون نے کارروائی کرتے ہوئے چوری کی واردات کی 4 خواتین ملزمان کو گرفتار کرکے 60 لاکھ روپے نقد اور 30 لاکھ مالیت کی غیر ملکی کرنسی، جیولری اور موبائل فونز بر آمد کرلیے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ گرفتار کی گئی خواتین میں ثنا، انعم، شہناز اور شیبا شامل ہیں، جنہوں نے ماڈل ٹائون کے گھر میں چوری کی واردات کی تھی، جس کی رپورٹ درج کیے جانے کے بعد پولیس ٹیم نے لاہور، قصور اور ملتان کے مختلف علاقوں سے انہیں گرفتار کیا۔گھریلو ملازمہ ثنا اور شہناز نے اپنی ساتھی خواتین انعم اور شیبا کی معاونت سے چوری کی واردات کامیابی سے انجام دی، ملزمہ ثنا زوجہ ہمایوں سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے ڈی ایس پی( او سی یو) فیصل شریف اورٹیم کو شاباش دیتے ہوئے پولیس ٹیم کے ارکان کو تعریفی سرٹیفکیٹس اور نقد انعام سے نوازا، ڈی آئی جی(آرگنائزڈ کرائم یونٹ) عمران کشور نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔تعریفی سرٹیفکیٹس اور انعام حاصل کرنے والوں میں انسپکٹر شاہد حسین، محمد علی، سب انسپکٹربد ر ظہیر، اے ایس آئی نثار احمد، ہیڈ کانسٹیبل جہانگیر، ندیم اشرف، ناظم، محمد شفیق، کانسٹیبل سہیل انجم،طیب، ناصر، غضنفر، حسن رضا اور طارق علی شامل ہیں۔سی سی پی او نے کہا کہ لاہور پولیس جرائم کے خاتمے کے لیے مسلسل سر گرم عمل ہے، آرگنائزڈ کرائم یونٹ نے منظم جرائم کے خاتمے میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ منظم جرائم کے مقدمات کو ہیومن انٹیلی جنس کے ساتھ ساتھ جدید فارنزک سائنس کی مدد سے منطقی انجام تک پہنچایا جا رہا ہے۔انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ گھریلو ملازموں کو نوکری پر رکھتے وقت پولیس سے کریکٹر ویری فیکیشن اور متعلقہ تھانے میں کوائف ضرور درج کروائیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی