i پاکستان

لاہور اور تونسہ میں 2 مبینہ پولیس مقابلوں میں 5 ڈاکو ہلاکتازترین

April 28, 2025

لاہور اور ڈیرہ غازی خان میں 2 مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 5 ڈاکو ہلاک ہوگئے، تونسہ میں میں مارے گئے 3 ڈاکو 2 پولیس اہلکاروں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔ تفصیل مطابق لاہور پولیس کے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) صدر اور بدنام زمانہ ڈاکوئوں کے درمیان شدیدفائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے دوران سیکڑوں وارداتوں میں مطلوب ملزمان عابد اور ظفر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔سی سی ڈی کے مطابق پولیس حراست سے فرار ملزم عابدکی گرفتاری کے لیے شہر میں ناکہ بندی کی گئی تھی کہ اس دوران ستوکتلہ کے علاقے میں ملزمان نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔سی سی ڈی نے دعوی کیا ہے کہ 2موٹرسائیکل سوار ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوگئے اور اسپتال جاتے ہوئے دم توڑ گئے۔سی سی ڈی کے مطابق جامع تلاشی اور سی آر او ریکارڈ کی جانچ پڑٹال کے دوران ہلاک ہونے والے موٹر سائیکل سواروں کی شناخت عابد علی اور ظفر اقبال کے نام سے ہوئی، ہلاک ملزمان لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں سنگین جرائم کی سیکڑوں وارداتوں میں سابقہ ریکارڈ یافتہ تھے۔ڈی ایس پی کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ صدر رضوان منظور چیمہ کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزمان نے صفایا نام سے منظم گینگ بنایا ہوا تھا جو کہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں واردات کرکے فرار ہو جاتے تھے۔

سی سی ڈی کے مطابق نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے سرکاری گاڑی کو شدید نقصان پہنچا، ہلاک ہونے والے ملزمان کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے، مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقہ میں سرچ آپریشن جاری ہے۔دوسری جانب ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اے ایس آئی غلام شبیر اور کانسٹیبل غلام فرید کو شہید کرنے والے 3 ڈاکو ہلاک ہوگئے جن کی شناخت رحمت عرف رانجھا، فہد عرف فہدی اور آصف عرف سنجرانی کے ناموں سے ہوئی۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ڈیرہ غازی خان پولیس نے تھانہ صدر تونسہ کی حدود میں سپر بند 2 کے مقام پرناکہ بندی کی، اس دوران دریا سے سپر بند2کی طرف آنے والے 5ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔ترجمان کے مطابق پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں 3 خطرناک ڈاکو ہلاک ہوگئے،ملزمان تھانہ صدر تونسہ کی حدود میں اے ایس آئی غلام شبیر اور کانسٹیبل غلام فرید کو شہید کرنے میں ملوث تھے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق دو ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موٹر سائیکل پر فرار ہو گئے، ملزمان کی فائرنگ سے پولیس موبائل کو نقصان پہنچا تاہم پولیس اہلکار محفوظ رہے جبکہ مفرور ڈاکوئوں کی گرفتاری کے لئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی