لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے بھائی کی بازیابی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔ جسٹس امجد رفیق نے شہباز گل کے بھائی کی بازیابی کی درخواست پر گزشتہ روز سماعت کا تحریری حکم جاری کر دیا۔ تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوم آئندہ سماعت پر بازیابی سے متعلق عدالت میں رپورٹ کریں۔ عدالت نے موبائل فون کمپنیوں کو تین دن میں جیو فینسنگ کا ریکارڈ مہیا کرنے کی ہدایت کردی، تحریری حکم میں مزید کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کے وکلا کا تین رکنی وفد ایڈیشنل چیف سیکریٹری سے جا کر ملے۔ عدالتی حکم کے مطابق وکلا تمام فون کالز سمیت دیگر ضروری ڈیٹا ایڈیشنل چیف سیکریٹری کو فراہم کریں۔ تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کے وکیل نے مغوی کی بازیابی سے متعلق پولیس کی ناکامی قرار دیا ۔ عدالت نے سماعت 4 جولائی تک ملتوی کردی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی