i پاکستان

لاہور ہائیکورٹ کی فصلوں کی باقیات جلانے والوں کیخلاف کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایتتازترین

May 03, 2024

لاہور ہائیکورٹ نے فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کر تے ہوئے کہا ہے کہ جو بھی حکومت آتی ہے وہ اپنا کریڈٹ لیتی ہے، وزیر کو پتہ کچھ نہیں ہوتا افسران سب کچھ بتا دیتے ہیں۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے تدارک سموگ سے متعلق شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت ممبر جوڈیشل کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ محکمہ ایگریکلچر اور ماحولیات کی جانب سے مل کر گندم کی فصل کی باقیات جلائی گئیں۔ جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ سب ملے ہوئے ہیں پتہ نہیں اس ملک کا کیا ہوگا۔ عدالت نے سرکاری وکیل کو ماحولیات کے وزیر سے جوڈیشل ممبران کی میٹنگ اور فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کر دی۔ عدالت عالیہ نے ٹولنٹن مارکیٹ میں ممبر جوڈیشل کمیشن کی جانب سے صفائی ستھرائی کا پلان دینے کے اقدام کی تعریف کی۔ ممبر جوڈیشل کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ لاہور کی مون مارکیٹ کے گردونواح میں کچرا پڑا ہے، یہ حکومت کا صاف ستھرا پنجاب ہے۔ جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ جو بھی حکومت آتی ہے وہ اپنا کریڈٹ لیتی ہے، وزیر کو پتہ کچھ نہیں ہوتا افسران سب کچھ بتا دیتے ہیں۔ بعدازاں عدالت نے تدارک سموگ سے متعلق شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت آئندہ جمعے تک ملتوی کر دی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی