لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کو چیئرمین پی ٹی آئی کے عہدے سے ہٹانے کی درخواست غیر مثر قرار دیتے ہوئے خارج کر دی۔ عمران خان کی نااہلی کے متعلق کیسز کی سماعت لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس امیر بھٹی کی سرراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔ درخواست گزار ایڈووکیٹ آفاق احمد عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ الیکشن کمیشن عمران خان کو چیئرمین کے عہدے سے نااہل نہیں کر رہا، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن کی کارروائی کے بعد آپ کی درخواست تو بظاہر غیر موثر ہو گئی ہے، الیکشن کمیشن کے نوٹس کے بعد تو آپ کا مسئلہ حل ہو گیا ہے۔ ایڈووکیٹ آفاق احمد نے کہا کہ میری درخواست ابھی غیر موثر نہیں ہوئی، میرے دلائل اظہر صدیق والی درخواست کے بعد سن لیں، جس پر جسٹس امیر بھٹی نے کہا کہ اظہر صدیق صاحب اب تو عمران خان خود درخواست گزار بن چکے، حلقے کے ووٹر کی درخواست بھی بظاہر غیر موثر ہے۔ اظہر صدیق نے کہا کہ تسلیم کرتا ہوں کہ عمران خان کی درخواست سنگل بینچ میں چل رہی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے فل بینچ نے عمران خان کو چیئرمین پی ٹی آئی کے عہدے سے ہٹانیکی درخواست غیر موثر قرار دیتے ہوئے نمٹا دی۔ عمران خان کی ممنوعہ فنڈنگ میں نااہلی کے خلاف حلقے کے ووٹر کی جانب سے درخواست واپس لیے جانے کے بعد عدالت نے یہ درخواست بھی خارج کر دی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی