لاڑکانہ کے قریب رتودیرو روڈ پر شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی سے واپسی پر پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان سے بھری ایک وین مبینہ طور پر تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی، حادثے کے نتیجے میں ضلع قمبر شہدادکوٹ کے رہائشی دو افراد جاں بحق جبکہ دس افراد زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق یہ وین گڑھی خدا بخش بھٹو سے قمبر کی جانب جا رہی تھی کہ رتوڈیرو کے مقام پر تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر الٹ گئی۔ جاں بحق افراد کی شناخت عرفان اور زین العابدین تنیو کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمیوں میں وین کا ڈرائیور بھی شامل ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر لاڑکانہ کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا۔ زخمی اور جاں بحق افراد کا تعلق قمبر شہدادکوٹ کے مختلف دیہات سے ہے۔واقعے کی اطلاع ملنے پر رکن سندھ اسمبلی جمیل سومرو ٹراما سینٹر پہنچے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور زخمیوں کے مکمل علاج کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی