دفتر خارجہ میں کرغزستان کے ناظم الامور کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرا دیا گیا۔ پاکستان نے کرغزستان کے ناظم الامور سے بشکیک میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ پرتشدد کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی طلبہ کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرنے پر زور دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستانیوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے کرغزستان حکومت سے رابطے میں ہیں، کرغز حکام نے گزشتہ رات تشدد کے واقعات پر افسوس کا اظہار کیا۔ ترجمان نے کہا کہ ہم وطنوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کریں گے ، کرغز حکومت نے انکوائری کرانے اور ذمہ داروں کو سزا دینے کا بھی وعدہ کیا ہے۔ ممتاززہرا بلوچ نے مزید کہا کہ پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے ہنگامی ہیلپ لائنز کھول دی گئی ہیں ، پاکستانی سفیر حسن علی ضیغم کرغزستان کے اعلی حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ کرغزستان کی وزارت صحت کے مطابق 4 پاکستانیوں کو طبی امداد فراہم کر کے اسپتال سے فارغ کر دیا گیا، جبکہ ایک طالب علم جبڑے کی چوٹ کے باعث زیر علاج ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی