i پاکستان

کراچی،سرکاری ادارے کے اہلکاروں سے جھگڑا، وکلا کا کورنگی روڈ پر احتجاج، شدید ٹریفک جامتازترین

June 12, 2024

کراچی میں کورنگی روڈ پر گزشتہ رات سے جاری وکلا کے احتجاج کے باعث اطراف کی سڑکوں پر کئی گھنٹوں سے شدید ٹریفک جام ہے۔ٹریفک پولیس کے مطابق وکلا کے احتجاج کے باعث شارع فیصل سے بلوچ کالونی جانے والا پل اور ڈیفنس موڑ سے کورنگی آنے والا ٹریک ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے جبکہ کارساز سے بلوچ کالونی فلائی اوور آنے والے ٹریک پر بھی ٹریفک جام ہے۔ ٹریفک پولیس کا بتانا ہے کہ قیوم آباد چورنگی پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہے، کورنگی انڈسٹریل ایریا سے قیوم آباد آنے والے ٹریک پر بھی ٹریفک متاثر جبکہ جام صادق پل پر بھی گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ پولیس کے مطابق رات گئے سرکاری ادارے کے اہلکاروں اور وکلا کے درمیان جھگڑا ہوا تھا جس میں کچھ لوگ زخمی بھی ہوئے تھے۔ وکلا کی جانب سے واقعے کی رپورٹ درج نہ کرنے پر سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا اور وکلا کا کہنا تھا جب تک معاملے کی ایف آئی آر درج نہیں کی جاتی احتجاج ختم نہیں کریں گے۔ ایس ایس پی ساتھ کے مطابق جھگڑے کے بعد وکلا نے احتجاج کرتے ہوئے کورنگی روڈ بند کر دیا تھا اور احتجاج صبح تک جاری تھا۔ دوسری جانب ڈی آئی جی ساوتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ وکلا اور سرکاری ادارے کے اہلکاروں کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد وکلا نے کورنگی روڈ پر احتجاج ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں، کورنگی روڈ سے متصل سڑکوں پر ٹریفک بحال کرنیکی کوشش کر رہے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی