شہر قائد کراچی میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ جاری ہے، شہریوں نے بجلی کی بندش کیخلاف نشتر روڈ پر شدید احتجاج کیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ جاری ہے، رام سوامی نشتر روڈ اور ملحقہ علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنک کیخلاف مکینوں نے نشتر روڈ پر شدید احتجاج کیا، مظاہرین نے احتجاج کے دوران ٹائر جلا کر سڑک بلاک کر دی۔ سڑک کی بندش کی وجہ سے ٹریفک جام ہو گئی جس کے باعث گزرنے والوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا، مظاہرین نے موقف اپنایا کہ دن میں 10 گھنٹے لوڈشیڈنگ کے باوجود رات میں بھی بجلی بند کر دی جاتی ہے، لوڈشیڈنگ میں کمی کی جائے۔ لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج کے دوران سڑک کی بندش پر پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ، لاٹھی چارج کیا، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کر کے سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی