شہر میں پائپ لائن جوڑنے کا کام مقررہ وقت سے پہلے مکمل کرلیا گیا ہے، جس کے بعد متاثرہ علاقوں میں گیس بحال ہو گئی۔ ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق ایس ایس جی سی نے کراچی کے صنعتی، کمرشل اور گھریلو صارفین کے لیے گیس پریشر بہتر بنانے کے لیے اہم اقدام کیا گیا، جس میں 24 انچ قطر کی 31 کلومیٹر طویل ٹرانسمیشن پائپ لائن کو سسٹم سے جوڑے جانے کا کام وقت سے پہلے مکمل کر لیا گیا۔ سوئی سدرن کی ٹیکنیکل ٹیم نے مقررہ وقت سے پہلے پائپ لائن کو سسٹم میں لانے کے لیے اپنا کام مکمل کرلیا۔ نئی 31 کلومیٹر پر محیط 24 انچ قطر کی پائپ لائن سے گیس پریشر کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔ ایم ڈی ایس ایس جی سی کے مطابق قلیل دورانیے میں کام مکمل کرنے پر سوئی سدرن کی ٹیم خراج تحسین کی مستحق ہے۔ روزانہ کی پروفائلنگ بندش کے بعد مقررہ وقت یعنی پیر 5 بجے صبح گھریلو صارفین سمیت تمام سیکٹرز کو گیس کی فراہمی یقینی ہوگی۔ واضح رہے کہ جمعہ کے روز ایس ایس جی سی کی جانب سے پریس بیان میں بتایا گیا تھا کہ 24 انچ قطر کی 31 کلومیٹر طویل ٹرانسمیشن پائپ لائن کو اتوار کے روز سسٹم سے جوڑا جائے گا جس کی وجہ سے شہر کے کئی علاقوں میں 28 جولائی بروز اتوار صبح 5 بجے سے 29 جولائی بروز پیر صبح 5 بجے تک گیس کی فراہمی بند رکھی جائے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی