کراچی کے علاقے ایف سی ایریا لیاقت آباد میں ایک سنگدل ماں اور اس کے شوہر نے مبینہ طور پر اپنے 3 سالہ بچے کو تشدد کا نشانہ بنا کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔پولیس کے مطابق مقتول بچے میکائیل عرف علی کی ماں رمشا کی یہ دوسری شادی تھی، جو دو ماہ قبل اسد نامی شخص سے ہوئی تھی۔ رمشا کو اپنے پہلے شوہر سے ایک بیٹا میکائیل تھا، جسے اس کا سوتیلا باپ اسد اکثر تشدد کا نشانہ بناتا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ رمشا پر بھی اپنے بچے پر تشدد کے الزامات ہیں، جن کی اہل محلہ نے بھی تصدیق کی ہے۔ جب بچے کی حالت بگڑ گئی تو اسے پہلے ایک نجی اسپتال اور پھر عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا، جہاں اسد اور رمشا نے دعوی کیا کہ بچہ سیڑھیوں سے گر گیا ہے۔ تاہم تشدد کے نشانات اور مشکوک حالات کے پیش نظر پولیس نے واقعے کو مشتبہ قرار دے کر کارروائی شروع کی۔بچے کی موت کے بعد اس کی لیاقت آباد کے مقامی قبرستان میں تدفین بھی کر دی گئی۔ واقعے کا مقدمہ بچے کے چچا محمد شاہ کی مدعیت میں قتل کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی