i پاکستان

کراچی ، دریائے سندھ پر نہروں کی تعمیر کے خلاف وکلا سراپا احتجاج، چوتھے روز بھی عدالتوں میں ہڑتال، سینکڑوں مقدمات التوا کا شکار،سائلین کو شدید مشکلاتتازترین

April 25, 2025

دریائے سندھ پر مجوزہ نہروں کی تعمیر کے خلاف سندھ بھر میں وکلا کا احتجاج شدت اختیار کر گیا ۔ سندھ بار کونسل کی کال پر صوبے بھر کی عدالتوں میں ہڑتال جاری ہے جب کہ سٹی کورٹ کراچی میں مسلسل چوتھے روز بھی تالہ بندی برقرار رہی۔وکلا کی جانب سے احتجاج کے دوران عدالت کے احاطے میں کسی کو بھی داخلے کی اجازت نہیں دی جا رہی، جس کے باعث نہ صرف سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے بلکہ قیدیوں کو بھی چوتھے روز عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔ عدالتی کارروائی معطل ہونے کے سبب سینکڑوں مقدمات بغیر سماعت کے ملتوی کر دیے گئے۔

سائلین انصاف کی تلاش میں دربدر نظر آئے جبکہ عدالتوں میں معمول کی گہماگہمی مکمل طور پر مفلوج رہی۔دوسری جانب سندھ ہائی کورٹ میں عدالتوں کے امور معمول کے مطابق جاری ہیں تاہم وکلا کی حاضری نہایت کم رہی۔ دریں اثنا وکلا کی بڑی تعداد ببر لو بائی پاس قومی شاہراہ پر آٹھویں روز سے دھرنا دیے ہوئے ہے۔ دھرنے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے جبکہ مظاہرین نے نہروں کی تعمیر کو سندھ کے حصے کے پانی پر ڈاکا قرار دیا ہے۔وکلا برادری کا موقف ہے کہ دریائے سندھ پر متنازعہ نہروں کی تعمیر سندھ کے آبی وسائل پر قبضے کی کوشش ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی