کراچی علاقے شارع فیصل ڈرگ روڈ ریلوے اسٹیشن کے قریب دو موٹرسائیکلوں میں تصادم کے نتیجے میں ایک موٹرسائیکل پر سوار ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ زخمی شخص کو علاج و معالجے کے لیے جناح اسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ وہاں سے غائب ہوگیا۔متوفی کی لاش اور ایک کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا، پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے موٹرسائیکل سوار کی شناخت 46 سالہ فاروق جاوید ولد بوٹا جاوید کے نام سے کی گئی جبکہ زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 20 سالہ مدثر ولد عبدالستار کے نام سے کی گئی۔ متوفی فاروق کے دوست عثمان نے بتایا کہ جاں بحق و زخمی ہونے والے شاہ فیصل ڈرگ روڈ بازار کے رہائشی ہیں، دونوں کے گھر آمنے سامنے ہیں اور دونوں راشد منہاز روڈ ملینیم مال کے قریب غیر ملکی فاسٹ فوڈ پر ملازمت کرتے ہیں۔واقعے کے وقت سحری سے کچھ دیر قبل اپنی ڈیوٹی ختم کر کے گھر جا رہے تھے کہ مخالف سمت سے آنے والی موٹرسائیکل تیزی سے ٹکرا گئی ، حادثے کا ذمے دار دوسرا موٹرسائیکل سوار جناح اسپتال سے علاج و معالجے کے بعد غائب ہوگیا۔
جبکہ جائے وقوعہ سے اس کی موٹرسائیکل بھی غائب تھی ، پولیس لاپتہ ہونے حادثے کے ذمے دار موٹرسائیکل سوار کو تلاش کر رہی ہے ۔ دوسری جانب شہر میں ہیوی ٹریفک سے کچل کر جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 68 ہوگئی۔رپورٹ کے مطابق شہر میں ڈمپر کی ٹکر سے جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہوگئی جبکہ ٹرایلر کی ٹکر سے 24 افراد مارے گئے اور واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 14 افراد کی جانیں گئیں۔اس کے علاوہ مزدا کی ٹکر سے 5 افراد جاں بحق ہوئے، بس نے 8 افراد کو کچل کر جاں بحق کیا۔شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں 166 مرد اور 23 خواتین جاں بحق ہوئیں جبکہ جاں بحق بچوں کی تعداد 22 ہوگئی، 7 معصوم بچیاں بھی ٹریفک حادثات میں جان سے گئیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال کے 85 دنوں کے دوران مختلف ٹریفک حادثات میں 218 شہری مارے گئے جبکہ زخمیوں کی تعداد 2750 سے زائد ہو گئی۔ شہر میں مختلف ٹریفک حادثات میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر تعداد موٹر سائیکل سواروں کی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی