وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کمیونسٹ پارٹی کی نیشنل کانگریس کے تاریخی اجلاس کے بعد چین کا دورہ میرے لئے اعزاز ہے۔ منگل کو وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج چین کے دورے پر روانہ ہورہا ہوں، سی پی سی کے 20 ویں قومی کانگریس اجلاس کے بعد مدعو کئے جانے والے چند رہنماوں میں شامل ہونا اعزاز ہے۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایسے وقت میں جب دنیا متعدد چیلنجز سے نبرزآزما ہے پاکستان اور چین دوست اور شراکت دار کے طور پر ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں مزید کہا ہے کہ چینی قیادت کے ساتھ بات چیت اہم شعبوں خصوصا سی پیک پر مرکوز ہو گی، سی پیک کا دوسرا مرحلہ سماجی اور اقتصادی ترقی کے نئے دور کے آغاز کی نوید ہے۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنائے گا، چین کی اقتصادی ترقی سے بہت کچھ سیکھا جاسکتا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی