خیبرپختونخوا پولیس کی جانب سے اپنے اہلکاروں پر سوشل میڈیا استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی۔پولیس کے اعلی حکام نے اس فیصلے کے تحت ڈسٹرکٹ پولیس افسران (ڈی پی اوز ) کو سوشل میڈیا مانیٹرنگ یونٹ قائم کرنے کی ہدایت دی ہے۔حکام کے مطابق اس فیصلے کا مقصد پولیس اہلکاروں کی سوشل میڈیا پر غیر قانونی سرگرمیوں اور میڈیا انٹرویوز کی روک تھام کرنا ہے، جن سے عدالتی کارروائی اور انصاف کے عمل پر منفی اثرات پڑتے ہیں۔مراسلے میں واضح کیا گیا کہ مقدمات میں گرفتار ملزمان کے میڈیا انٹرویوز پر عدالت کی جانب سے پابندی ہے، یہ انٹرویو عدالتی کارروائی میں مداخلت کا باعث بن سکتے ہیں۔مراسلے میں مزید کہا گیا کہ سوشل میڈیا مانیٹرنگ یونٹ کی نشاندہی پر جو بھی پولیس اہلکار خلاف ورزی کرے گا، اس کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اس پابندی کے نفاذ کے بعد ایک ہفتے میں رپورٹ آئی جی خیبرپختونخوا کو پیش کی جائے گی، جس میں اس فیصلے پر عمل درآمد کی تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔دوسری جانب اس فیصلے پر شہریوں کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی کے اس اقدام سے پولیس کی کارکردگی مزید بہتری کی توقع ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی