عدالت نے خاتون جج کو دھمکی کیس میں عمران خان کو 24 جنوری کیلئے دوبارہ پیشی کا نوٹس جاری کردیا۔ اسلام آباد کی ماتحت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس کا ٹرائل شروع نہ ہوسکا۔ سینئر سول جج رانا مجاہد رحیم بھی ججز کورس کی وجہ سے چھٹی پر ہیں، جب کہ طلبی کے باوجود عمران خان عدالت نہ آئے اور جونیئر وکیل پیش ہوا۔ عمران خان کو عدالت نے ذاتی حیثیت میں طلب کررکھا تھا، اور سینیئر سول جج رانا مجاہد رحیم نے گزشتہ سماعت پر نوٹس جاری کیا تھا۔ جب کہ اسلام آباد پولیس نے گزشتہ سماعت پر مقدمہ کے مکمل چالان جمع کروا دیا تھا۔ جج کی رخصت اور عمران خان کی عدم حاضری کے باعث کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے 24 جنوری تک ملتوی کردی گئی، جب کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو 24 جنوری کیلئے دوبارہ پیشی کا نوٹس جاری کردیا گیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی