i پاکستان

کے پی حکومت کا بنوں واقعے کی شفاف تحقیقات کیلئے کمیشن بنانے کا اعلانتازترین

July 20, 2024

خیبرپختونخوا حکومت نے بنوں واقعے کی شفاف تحقیقات کیلئے کمیشن بنانے کا اعلان کر دیا۔ مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے بنوں میں جاری صورتحال کا نوٹس لیا، وزیراعلی نے بنوں واقعے کی شفاف تحقیقات کیلئے کمیشن بنانے کا بھی اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ کمیشن شفاف اور غیرجانبدار تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کریگا، کمیشن کی رپورٹ میں ذمہ داروں کی نشاندہی ہوجائیگی، رپورٹ کو پبلک کیا جائیگا اور ذمہ داروں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائیگی۔ بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ حساس مقامات پر عموما سکیورٹی ہائی الرٹ رہتی ہے، خودکش حملے میں فوجی جوان اور شہری شہید ہوئے تھے، اس مقام کی حساس نوعیت بھی کل کے ناخوشگوار واقعے کی ایک وجہ بنی، موجودہ دہشت گردی کی لہر کے پیش نظر عوام سے انتہائی احتیاط سے کام لینے کی درخواست ہے۔ مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ پاکستان اور عوام دشمن عناصر حالات خراب کرنے کی تاک میں بیٹھے ہیں، ملک دشمن عناصر کو امن خراب کرنے کا موقع نہیں دینا چاہیے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی