جہلم کے قریب جی ٹی روڈ پر اے این ایف اور مسلح کار سواروں کے مابین مقابلے کے دوران اے این ایف کے دو اہلکار اور ایک پرائیویٹ اہلکار جاں بحق ہوگیا۔ جی ٹی روڈ کالا پل کے قریب اے این ایف ٹیم نے مشکوک کار کو روکنا چاہا لیکن کار میں سوار ملزمان نے اے این ایف ٹیم پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں اے این ایف ہیڈ کانسٹیبل گلزار اور کانسٹیبل مظہر موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ پرائیویٹ اہلکار ذیشان شدید زخمی ہوا جو اسپتال میں دم توڑ گیا۔ تینوں ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے جنگل میں فرار ہوگئے۔ پولیس اور اے این ایف کی بھاری نفری ملزمان کی تلاش کے لیے جی ٹی روڈ کے کنارے سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔ترجماں اے این ایف کے مطابق اے این ایف نے شہزاد نامی کار ڈرائیور کو گرفتار کرلیا جس نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ کھاریاں کے بلال نامی شخص نے اسکی کار بک کی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی