کراچی کے علاقے لانڈھی میں جاپانی شہریوں کی گاڑی کے قریب دھماکے کے بعد وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے تاحکم ثانی سندھ بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کے احکامات جاری کردیئے۔ دفتر وزیر داخلہ سندھ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ مساجد امام بارگاہوں و دیگر کھلے مقامات پر سیکیورٹی اقدامات کو فول پروف بنایا جائے۔ وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ ضلعی سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس(ایس ایس پیز)، سب ڈویژنل پولیس آفسر(ایس ڈی پی اوز) فیلڈ میں آئیں۔ وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ اسٹیشن ہاوس افسران(ایس ایچ اوز) سیکیورٹی اقدامات میں انتہائی مستعد اور الرٹ رہیں، مزید ہدایت دی کہ رینڈم اسنیپ چیکنگ، پکٹنگ اور پیٹرولنگ پر خصوصی فوکس رکھا جائے۔ ضیا الحسن لنجار نے ہدایت جاری کی کہ کمیونیکشن حکمت عملی کو مربوط اور موثر بنایا جائے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی