جمعیت علمائے اسلام کے شیرانی گروپ نے پی ٹی آئی کی زیر قیادت موجود اپوزیشن کے بڑے اتحاد کا حصہ بننے کے فیصلے کا باضابطہ طور پر اعلان کردیا۔ ایک روز قبل مولانا شجاع الملک کی قیادت میں جے یو آئی شیرانی گروپ کے وفد نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی بھی اور پی ٹی آئی کی زیر قیادت اتحاد جسے تحریک تحفظ آئین پاکستان (ٹی ٹی اے پی) کے نام سے جانا جاتا ہے، میں شمولیت کے اپنے ادارے کا باضابطہ طور پر اعلان کیا۔عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ مولانا شیرانی کے سیاسی نقطہ نظر کو قابل قدر سمجھا ہے۔ سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے جے یو آئی شیرانی گروپ کو گرینڈ اپوزیشن الائنس سے سرگرمیوں سے متعلق آگاہ کیا تھا ۔جس کے بعد جے یو آئی شیرانی گروپ نے باضابطہ طورپر تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے ۔ مولانا شجاع الملک نے ملک بھر کے تمام علما پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور آئین کے تحفظ کے لیے تحریک کا حصہ بنیں اور قوم کی درست سمت میں راہنمائی کا اپنا فرض ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ طے پانے والے معاملات کی کامیابی کے لیے دعا گو ہوں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی