i پاکستان

یوسف رضاگیلانی سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقاتتازترین

June 12, 2024

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضاگیلانی سے اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پارلیمنٹ ہاوس میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امورپر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے سید یوسف رضاگیلانی کو چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔دونوں ممالک کے مابین تجارت، سرمایہ کاری، پارلیمانی تعاون کے فروغ اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ کے حوالے سے امور پرتفصیلی گفتگو کی گئی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات ہمیشہ خوشگوار رہے ہیں چیئرمین سینیٹ نے مشکل کی ہر گھڑی میں برطانیہ کی جانب سے پاکستان کے لئے امدد اور مختلف فلاحی کاموں میں تعاون پر شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان صحت، تعلیم اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں شراکت داری کو مزید بڑھانے پر زور دیا۔چیئرمین سینیٹ نے دونوں ممالک کے مابین باہمی تعاون اور روابط کو فروغ دینے سمیت بین الپارلیمانی یونین اور دولت مشترکہ جیسے اہم فورم پرمعاونت کو بڑھانے پر بھی زور دیا ۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے اہم فورمزپر ہمیشہ ایک دوسرے کے موقف کو اہمیت دی ہے۔عوامی روابط کے فروغ کے ساتھ ساتھ چیئرمین سینیٹ نے تعلیمی اور ثقافتی اقدار کے تبادلوں پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید بہتر ہونگے اور دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی روابط کو بھی فروغ ملے گا۔ چیئرمین سینیٹ نے برطانوی ہائی کمشنر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا جین میریٹ نے کہا کہ پاکستان کی مہمان نوازی، ثقافت سے بہت متاثر ہوں ۔برطانیہ پاکستان کو اہم ملک تصور کرتا ہے اور تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے ۔چیئرمین سینیٹ نے برطانوی جمہوری نظام کو سراہا اور ترقی پزیر ممالک کیلئے مثالی قرار دیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی