i پاکستان

حساس ادارے کو فون ٹیپ کی اجازت دینے کے خلاف درخواست چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو ارسالتازترین

July 12, 2024

وفاقی حکومت کی حساس اداوں کو فون ٹیپ کرنے کی اجازت دینے کے خلاف درخواست لارجر بینچ کی تشکیل کے لیے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو بھجوا دی۔ جسٹس فاروق حیدر نے سابق ایم پی اے غلام سرور کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ درخواست میں اہم قانونی نکات اٹھائے گئے ہیں۔ عدالت نے نوٹ کیا کہ ایسے میں کیس کی سماعت کے لیے لارجر بینچ بنایا جائے، بعد ازاں درخواست لارجر بینچ کی تشکیل کے لیے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو بھجوا دی۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت حکومت کا آئی ایس آئی کو فون ٹیپ کرنے کی اجازت دینے کا نوٹی فکیشن غیر قانونی قرار دے۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ عدالت موجودہ درخواست کے حتمی فیصلے تک مذکورہ نوٹی فکیشن پر کارروائی کو معطل کرے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی