i پاکستان

حکومت پنجاب کی پی ٹی اے سے اسلحہ لائسنس کی جعلی ویب سائٹ بند کرنے کی سفارشتازترین

March 29, 2025

محکمہ داخلہ پنجاب نے اسلحہ لائسنس کی خدمات پیش کرتے ہوئے معصوم شہریوں کو دھوکا دینے کے لیے حکومت پنجاب کے نام اور انداز کی نقل کرنے والی غیر قانونی امریکی ویب سائٹ کی نشاندہی کی ہے۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے) کے چیئرمین اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) کے ڈائریکٹر جنرل سائبر کرائم کو لکھے گئے خط میں وضاحت کی گئی ہے کہ پنجاب آرمز لائسنس مینجمنٹ ویریفکیشن سسٹم (www.palms.org.pk) کے نام سے جعلی ویب سائٹ شہریوں کی حساس ذاتی معلومات جمع کرنے اور اسلحہ لائسنس کے اجرا اور دیگر اسلحہ سے متعلق خدمات کے اجرا کی آڑ میں ان سے ادائیگی حاصل کرنے کے لیے استعمال کی جا رہی ہے۔خط میں آگاہ کیا گیا ہے کہ یہ ویب سائٹ غیر قانونی ہے، اور حکومت پنجاب کے نام اور انداز کو برقرار رکھتے ہوئے معصوم اور سادہ لوح شہریوں کو دھوکا دینے کے لیے ایک سرکاری ویب سائٹ ہونے کا دعوی کرتی ہے۔

محکمہ داخلہ نے ویب سائٹ کا ابتدائی تجزیہ لکھا، جس میں انکشاف ہوا کہ یہ ویب سائٹ Godaddy.com امریکا کی جانب سے ہوسٹ کی گئی، اور جو افراد اس ویب سائٹ کو چلا رہے ہیں وہ مختلف موبائل فون نمبر استعمال کر رہے ہیں، اور ایزی پیسہ اکانٹ کے ذریعے رقم جمع کر رہے ہیں۔خط میں کہا گیا ہے کہ اصل ویب سائٹ کا ڈومین نام www.pal.nadra.gov.pk/pal/ ہے جو پنجاب حکومت کی ملکیت ہے۔محکمہ داخلہ نے پی ٹی اے اور ایف آئی اے سے کہا کہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں، اور سرکاری ویب سائٹ کے علاوہ اسی نام کا استعمال کرنے والی تمام ویب سائٹس کو مستقل طور پر بلاک کیا جائے، تاکہ معصوم عوام کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔خط میں دونوں قومی اداروں سے سنگین جرم میں ملوث ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی