گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کاظمین میں روضہ مبارک حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کے روضہ مبارک پر حاضری دی اور اہم مقامات کی زیارت کرکے ملک کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔تفصیل کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کاظمین میں روضہ مبارک حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کے روضہ مبارک پر حاضری کے دوران فاتحہ خوانی کی اور امت مسلمہ کے اتحاد و فلاح کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔گورنر سندھ نے ملک کے تحفظ، بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے بھی دعا کی، گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی جانب سے زائرین میں لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔واضح رہے کہ گورنر سندھ بوہرہ کمیونٹی کے روحانی پیشوا سیدنا مفضل سیف الدین کی خصوصی دعوت پر پانچ روزہ دورے پر عراق میں ہیں۔نجف ائیرپورٹ پر پاکستانی سفیر نے گورنر ٹیسوری کا استقبال کیا تھا، نجف میں گورنر سندھ نے حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے روضہ مبارک پر بھی حاضری دی تھی ساتھ ان کے تاریخی گھر اور مسجد کوفہ کی زیارت کی۔
حضرت مسلم بن عقیل کے روضہ اقدس پر بھی فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی یادگارکتاب میں اپنے قلبی تاثرات قلمبند کیے۔گورنر سندھ نے نجف میں اہم مقامات کی زیارت اور نوافل کی ادائیگی کے بعد ملک و قوم کی سلامتی، استحکام اور معاشی خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی مانگی۔عراق کے دورے پر گورنر سندھ اور گورنر نجف کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں مذہبی، سیاحتی، تجارتی تعلقات کو فروغ دینے، جلد تجارتی وفود کے تبادلے سمیت ایس آئی ایف سی کے ذریعے آئی ٹی، توانائی اور ذراعت میں سرمایہ کاری کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر سندھ نے کہا کہ ایس آئی ایف سی منصوبہ غیرملکی سرمایہ کاروں کی مثر رہنمائی کرتا ہے۔ سندھ میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی