i پاکستان

گندم اسکینڈل میں بیوروکریٹ اور ٹیکنوکریٹس ملوث ہیں،ندیم افضل چن کا انکشافتازترین

May 18, 2024

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ گندم اسکینڈل میں تگڑے لوگ ملوث ہیں ، یہ بیوروکریٹ اور ٹیکنوکریٹس ہیں،انقلاب کے پیچھے کوئی رائٹر ضرور ہوتا ہے، نوازشریف نے اپنا نقصان خود کرلیا ۔پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ندیم افضل چن نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گندم اسکینڈل کی حکومتی انکوائری تو صرف لالی پاپ ہے، اتنے بڑے اسکینڈل کی انکوائری فیئر ہونی ہوتی تو اب تک نیب ایکشن میں آچکا ہوتا۔ ندیم افضل چن نے کہا کہ کسان تنظیموں سے میٹنگز کررہے تا کہ مشترکہ فورم سے درخواست دیں، گندم اسکینڈل دبانے کی کوشش ہورہی ہے لیکن ہم دبنے نہیں دینگے، درخواست کا ڈرافت تیار کرلیا ہے جو نیب یا عدالت میں دیکر خود مدعی بنیں گے۔ ندیم افضل چن نے انکشاف کیا کہ گندم اسکینڈل میں تگڑے لوگ ملوث ہیں جو بیوروکریٹ اور ٹیکنوکریٹس ہیں، اگر اس اسکینڈل میں کوئی سیاستدان ملوث ہوتا تو اب تک اسکا گلا دبا دیتے، اتنے بڑے گندم اسکینڈل پر نیب کو تو ازخود نوٹس لینا چاہیے تھا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ندیم افضل چن نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو کبھی الیکشن کبھی دیگر طریقوں سے حوصلہ مل جاتاہے، اب لوگ محسوس کررہے ہیں انقلاب کے پیچھے کوئی رائٹر ضرور ہوتا ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ نواز شریف بزرگ سیاستدان ہیں انہوں نے اپنا نقصان خود کرلیا، بندے کا ایگزٹ شاندار اور جاندار ہونا چاہیے جو میاں صاحب کا نہیں ہوا، ایگزٹ اچھا نہ ہونے میں نوازشریف کی اپنی اور مشیروں کی غلطیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمر کے آخری حصے میں نوازشریف وزیراعظم نہ بن سکے، اب سیاست میں متحرک نہیں، پارٹی صدر سے کیا ہوناہے، متحرک سیاست تو بیٹی یا بھائی ہی کررہا ہے۔ انٹرویو میں انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ کے ساتھ کابینہ میں آنا پیپلزپارٹی کے لیے اتنا آسان نہیں، کابینہ کے حوالے سے جب پارٹی میں بات ہوگی تو پھر دیکھیں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی