i پاکستان

دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیارہیں، چینتازترین

July 20, 2024

چین نے کہا ہے کہ پاکستانی فوج ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے آگے رہی ہے،اس نے پاکستان اور خطے کے امن و استحکام کے لیے بڑی قربانیاں پیش کیں ، ہم دہشت گردی سے نمٹنے،علاقائی اور عالمی سطح پر امن و ترقی کے فروغ کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیارہیں۔ گزشتہ روز چین کی پیپلز لبریشن آرمی ( پی ایل اے) کے قیام کی 97 ویں سالگرہ کی مناسبت سے اسلام آباد میں چینی سفارتخانے میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، چینی سفیر جیانگ زیڈونگ ،چینی دفاعی اتاشی عوامی نمائندوں، سول، ملٹری حکام کی بڑی تعداد نے استقبالیہ میں شرکت کی۔ جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع چینی دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ نے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان موجودہ دہائیوں پرانی دوستی اور عسکری تعلقات بارے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات قابل ذکر ہے کہ یکم اگست 1927 کو اپنے قیام کے بعد سے، پی ایل اے ایک جدید اور پیشہ ورانہ کثیر الخدمت مسلح فورس بن گئی ہے جس کی عالمی شہرت ایک مہذب اور پرامن فوجی قوت کے طور پر ہے جو عالمی امن کے لیے اپنا قائدانہ کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا چین اور پاکستان کی دونوں مسلح افواج کے درمیان برادرانہ تعلقات "ہمیشہ ان کے دوطرفہ تعلقات ، خاص طور پر خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے ایک ستون کے طور پر کام کررہے ہیں۔دونوں مسلح افواج کے درمیان قابل اعتماد دوستی اور عملی تعاون مشترکہ مشقوں، اہلکاروں کے تبادلوں، تربیت، سازوسامان کے ساتھ ساتھ انسداد دہشت گردی شعبے میں وسعت اختیار کر گیا ہے۔ دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ نے پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فوج ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے آگے رہی ہے اور اس نے پاکستان اور خطے کے امن و استحکام کے لیے بڑی قربانیاں پیش کی ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم دہشت گردی سے نمٹنے اور علاقائی اور عالمی سطح پر امن و ترقی کے فروغ کے لیے اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔انہوں نے دونوں فوجوں کے درمیان گزشتہ برسوں سے بڑھتے ہوئے ڈائلاگ کا بھی ذکر کیا۔ اس موقع پر موجود تجزیہ کاروں اور تھنک ٹینکس کے نمائندوں نے چین کی دفاعی پالیسی اور خطے اور دنیا بھر میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے اس کے کردار کو سراہا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی