عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آج سے دو ماہ کے لیے وہ سیاست سے دور ہیں، اس کے بعد دیکھیں گے کہ سیاست کیا کروٹ بدلتی ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے خلاف 44 کیسز ہیں جن میں سے 3 خارج کر دیے گئے ہیں۔ میرا کیس وزیر خارجہ کو بلو رانی کہنے پر بنایا گیا ہے، اگر سزا بنتی ہے تو دے دیں۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مجھ پر الزام لگایا گیا ہے کہ میں نے بلو رانی کا نام استعمال کیا ہے۔ بلاول بھٹو جب وزیر خارجہ تھے تب شکایت کرتے تو کیس کی بات تھی، میں نے کوئی غلیظ یا غلط زبان استعمال نہیں کی۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت سے اپیل کروں گا کہ وہ اپنی چارپائی کے نیچے جھاڑو پھیرے۔ نواز شریف حکومت روٹیاں اور نالے چیک کرنے آئے ہیں، عوام صرف دو مہینے انتظار کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان سے تعلق تھا اور ہے۔ سربراہ جمیعت علمائے اسلام ف مولانا فضل الرحمان نے ٹاپ گیئر لگایا ہوا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی