i پاکستان

ضمنی انتخابات،پنجاب پولیس نے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئےتازترین

April 19, 2024

لاہور سمیت پنجاب کے 14 قومی و صوبائی حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے پولیس نے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے۔ پولیس ترجمان کے مطابق پنجاب کے 14 قومی و صوبائی حلقوں پر منعقدہ ضمنی انتخابات کی سکیورٹی پر 35 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہوں گے، صوبہ بھر کے 2 ہزار 599 پولنگ سٹیشنز میں سے 419 انتہائی حساس اور ایک ہزار 89 حساس قرار دیئے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ 40 لاکھ 44 ہزار سے زائد ووٹرز کو حق رائے دہی کے لئے پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کریں گے، 663 مردانہ، 649 زنانہ، ایک ہزار 289 جوائنٹ پولنگ سٹیشنز اور الیکشن کمیشن کے عملے کو بھرپور سکیورٹی دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب مکمل کر لی گئی ہے۔ آئی جی نے کہا کہ سنٹرل پولیس آفس، سیف سٹیز اتھارٹی، اضلاع کے کنٹرول اینڈ مانیٹرنگ رومز سے پولنگ کے عمل کی مسلسل نگرانی کی جائے گی، فورس مکمل پر اعتماد ہے، انشا اللہ پرامن اور محفوظ ضمنی انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں گے۔ ڈاکٹر عثمان انور کا مزید کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات کیلئے پنجاب پولیس کو رینجرز اور پاک آرمی کی مکمل معاونت حاصل ہے، الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق، دفعہ 144 اور اسلحہ کی پابندی کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس ہوگی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی