وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہچین کے ترقیاتی ماڈل سے دیگر اقوام کو فائدہ ہوگا،سی پیک چین اور پاکستان کے درمیان مضبوط دوستی کی علامت ہے،چین اپنے مستقبل کے روڈ میپ کو مضبوط بنا رہا ہے ، دونوں ممالک عالمی اور علاقائی مارکیٹوں میں اپنے انضمام کو گہرا کریں گے۔چائنا اکنامک نیٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں احسن اقبال نے کہا کہ چین کے ترقیاتی ماڈل نے نہ صرف اپنے عوام کو فائدہ پہنچایا ہے بلکہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) اور گلوبل ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو (جی ڈی آئی) جیسے اقدامات کے ذریعے دوسرے ممالک کو بھی قابل قدر بصیرت فراہم کی ہے۔ انہوں نے چین کی کامیابی کو ایک عالمی معیار کے طور پر اجاگر کیا جس نے غیر معمولی قلیل مدت میں 800 ملین افراد کو غربت سے باہر نکالا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی ملک کے سماجی و اقتصادی منظرنامے کو تیزی سے تبدیل کرنے کی صلاحیت کو اجاگر کرتی ہے۔چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق مشترکہ خوشحالی کے چینی قیادت کے وژن پر روشنی ڈالتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے جو چین اور پاکستان کے درمیان مضبوط دوستی کی علامت ہے۔ جیسا کہ چین اپنے مستقبل کے روڈ میپ کو مضبوط بنا رہا ہے ، دونوں ممالک سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ عالمی اور علاقائی مارکیٹوں میں اپنے انضمام کو گہرا کریں گے۔
چائنا اکنامک نیٹ کے مطا بق احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ خاص طور پر اہم ہے جس میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے، جدت طرازی، گرین انرجی اور جامع علاقائی ترقی کے لیے پانچ نئی راہداریوں کے قیام کا خاکہ پیش کیا گیا ہے۔ یہ راہداریاں بی آر آئی کے بنیادی اصولوں کی عکاسی کرتی ہیں اور چین کے عالمی شراکت داروں کو خاطر خواہ فوائد فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں۔ وزیر منصوبہ بندی نے مزید کہا کہ چین کی ترقیاتی کامیابی دیگر ممالک کے لئے چار اہم سبق پیش کرتی ہے جن میں امن، سیاسی استحکام، معاشی پالیسیوں کا تسلسل اور اصلاحات کے لئے مسلسل عزم شامل ہے ۔ چائنا اکنامک نیٹ کے مطا بق انہوں نے کہا کہ ان اصولوں پر عمل درآمد کی چین کی صلاحیت اس کی تیز رفتار ترقی میں اہم رہی ہے۔ نچلی سطح کے اقدامات سے لے کر قومی پالیسیوں تک، چین کا گورننس ماڈل اس بات کی مثال ہے کہ کس طرح مربوط کوششیں قابل ذکر نتائج حاصل کر سکتی ہیں۔ چائنا اکنامک نیٹ کے مطا بق انہوں نے کہا کہ جیسا کہ چین مسلسل ترقی کر رہا ہے ، وہ اپنے تجربات کے تبادلے اور عالمی تعاون کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے ، جس سے اپنے تمام شراکت داروں کے لئے خوشحال مستقبل کی راہ ہموار ہوگی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی