بلوچستان میں پھرخونریزی کا واقعہ پیش آیا ہے جہاں گوادر میں نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے،صدر مملکت ،وزیر اعظم اور وفاقی وزیر داخلہ نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔تفصیل کے مطابق فائرنگ کا واقعہ گوادر کے علاقے کلمت میں پیش آیا جہاں نامعلوم حملہ آوروں نے گوادر سے کراچی جانے والے مسافروں پر فائرنگ کی۔پولیس کا کہناہے کہ فائرنگ سے 5افراد موقع پر جاں بحق ہوئے جبکہ ایک شخص زخمی ہوا۔تاہم فائرنگ سے زخمی شخص بھی دوران علاج دم توڑ گیا جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی۔پولیس کے مطابق جاں بحق افراد گوادر سے کراچی جا رہے تھے جس میں سے ایک شخص کا تعلق ملتان سے ہے جبکہ دیگر کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ دریں اثنا صدر مملکت آصف علی زرداری نے مسلح افراد کی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گرد حملے میں قیمتی جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا۔ جاری بیان کے مطابق آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گرد ملکی ترقی اور صوبے کی خوشحالی کی دشمن ہیں، دہشت گرد بلوچستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے۔صدر مملکت نے حملے میں زخمی افراد کی جلد صحتیابی، جاں بحق افراد کے لیے بلندی درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے بھی گوادر کے علاقے کلمت میں مسافروں پر فائرنگ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شرپسند عناصر بلوچستان کے امن و ترقی کے دشمن ہیں۔
وزیرِ اعظم نے واقعے میں 6 افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ واقعے کی تحقیقات کرکے ذمہ داران کا تعین اور قرار واقعی سزا یقینی بنائی جائے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ شر پسند عناصر کی معصوم لوگوں کے خلاف بزدلانہ کارروائیاں انکی حیوانیت کی واضح عکاسی کرتی ہیں، شرپسند عناصر کے ملک دشمن عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکاروں کی ملک دشمن عناصر کے خلاف کاروائیوں کی پزیرائی کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و جوان شب و روز ملک دشمن عناصر کے عزائم کو خاک میں ملا رہے ہیں۔وزیرِاعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو اپنی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر فخر ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کلمت میں مسافروں پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے بزدلانہ کارروائی کر کے معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ افراد کو ناحق قتل کرنا انسانیت سوز جرم ہے، شناخت کر کے مسافروں کو نشانہ بنانا بربریت اور درندگی ہے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف قوم کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی