بلوچستان کے ضلع آواران کے علاقے جھا میں 5 بچے جوہڑ میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ بلوچستان حکومت نے آواران کے علاقے جھا میں جوہڑ میں ڈوبنے سے بچوں کی ہلاکت کا نوٹس لے کر انکوائری کا حکم دے دیا۔ ڈپٹی کمشنر آواران عائشہ زہری نے اس حوالے سے بتایا کہ آواران کے علاقے جھا کے نواح سرمسانی بٹ میں ایک ٹھیکیدار نے سڑک کی تعمیر کیلئے گڑھا کھودا تھا جس میں بارش کا پانی جمع ہوگیا۔ ڈی سی کے مطابق 5 بچے پانی میں نہانے کیلئے اترے تو گہرائی زیادہ ہونے کی وجہ سے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے جن میں 3 بہنیں اور 2 بھائی شامل ہیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق جاں بحق بچوں کی عمریں 6 سے 12سال کے درمیان ہیں، جاں بحق ہونے والے بچوں کی لاشیں پانی سے نکال کر اسپتال لائی گئیں۔وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واقعہ پر گہرے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انکوائری کا حکم دیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی