بیساکھی میلے میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے سکھ یاتریوں کی آمد کا آغاز ہوگیا،پاکستان نے مذہبی رواداری کا مظاہر ہ کرتے ہوئے بیساکھی میلے کے لیے ریکارڈ 6,629 ویزے جاری کئے ہیں۔ تفصیل کے مطابق بھارت سے سکھ یاتریوں کی بڑی تعداد واہگہ بارڈر پہنچ گئی۔ پنجاب کے صوبائی وزرا اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے نمائندگان نے یاتریوں کا استقبال کیا، پنجاب حکومت کی جانب سے سکھ یاتریوں کے لیے خصوصی حفاظتی انتظامات کیے گئے۔پاک رینجرز ، پولیس اور سیکیورٹی نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے بے ساکھی میلے کی سیکیورٹی کی تمام تیاریاں بھی مکمل کرلی گئیں۔یاتریوں کو واہگہ بارڈر سے سخت حفاظتی حصار میں ننکانہ صاحب پہنچایا جائے گا، اسکول کالجز کے طلبہ، اساتذہ نے پاکستان پہنچنے والے یاتریوں کو گلدستے پیش کیے، گرم موسم میں یاتریوں کی اسپغول اور روح افزاح کے ٹھنڈے ٹھنڈے مشروب سے تواضع کی گئی۔ایڈیشنل سیکریٹری مزارات سیف اللہ کھوکھر کے مطابق سکھ یاتریوں کو پاکستان میں قیام، لنگر، ٹرانسپورٹ، میڈیکل کی سہولتیں فراہم کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں، حکومت پاکستان نے یاتریوں کو خصوصی طور پر 6 ہزار 751 ویزے جاری کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزارت مذہبی امور اور متروکہ وقف املاک بورڈ کی درخواست پرشیڈول سے 3 ہزار 751 زائد ویزے خصوصی طور پر جاری کیے گئے۔جتھہ لیڈر رویندر سنگھ نے کہا کہ حکومت پاکستان نے اتنی بڑی تعداد میں ویزے جاری کر کے سکھ قوم کے دل جیت لیے۔جتھہ لیڈر دلجیت سنگھ سرنا نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے، دنیا بھر کا سکھ پاکستان آنا چاہتا ہے۔بھارتی یاتریوں کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بہت عزت اور احترام ملتا ہے۔ترجمان بورڈ نے کہا کہ امرتسر، ہریانہ، اتر پر دیش، دہلی و دیگر 11 بھارتی ریاستوں سے یاتری پاکستان پہنچے ہیں، معمول سے زیادہ یاتریوں کی آمد کی وجہ سے وفد کو 2 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔پہلا گروپ پاکستان آمد کے بعد واہگہ بارڈر سے گورو دوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال روانہ ہو گا، یاتریوں کا دوسرا گروپ پاکستان آمد کے بعد واہگہ بارڈر لاہور سے گورو دوارہ دربارصاحب کرتار پور روانہ ہو گا۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ 7 ہزار سے زائد یاتری پاکستان آرہے ہیں، بھارت سے سکھ یاتریوں کی بڑی تعداد واہگہ بارڈر پہنچ گئی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی