i پاکستان

بچے کو کچنے والی مرسیڈیز کار پی پی پی ایم پی اے فاروق اعوان کے فارم سے برآمدتازترین

April 15, 2024

عید الفطر سے دو روز قبل گلشن اقبال بلاک 7میں ماں اور اس کے 8سالہ بچے کو روند کر فرار ہونے والی کار سابقہ ایس ایس پی اور موجودہ رکن صوبائی اسمبلی فاروق اعوان کے میمن گوٹھ میں واقع فارم ہاوس سے گلشن اقبال انویسٹی گیشن پولیس نے برآمد کر لی،حادثے میں زخمی ہونے والا بچہ عید الفطر کے روز دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ خاتون کی حالت تشویشناک ہے اور وہ کومے میں ہے۔گلشن اقبال تھانے کی حدود علامہ شبیر عثمانی روڈ پر غیر ملکی فاسٹ فوڈ ریسٹورینٹ کے قریب 8اپریل 2024کو ایک تیز رفتار کار کی ٹکر سے خاتون نوریہ بی بی زوجہ سید محمد آغا اور ان کا 8سالہ بچہ سید یوسف آغا زخمی ہوگئے تھے جبکہ حادثے کا ذمے دار ڈرائیور گاڑی سمیت موقع سے فرار ہوگیا تھا۔حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کے بعد زخمی ہونے والی خاتون کے دیور سید احمد اللہ ولد سید عبد اللہ آغا نے 9اپریل کو گلشن اقبال تھانے میں مقدمہ الزام نمبر 235/24بجرم دفعہ 337G درج کرا دیا۔مقدمے میں مدعی سید احمد اللہ نے اپنے بیان میں بتایا کہ وہ مکان نمبر E-97آغا ہاوس بلاک 7گلشن اقبال میں رہائش پذیر ہے اور اپنا ذاتی کاروبار کرتا ہے ، 11بجکر 54منٹ پر میری بھابھی بی بی نوریہ اپنے بیٹے سید یوسف آغا کے ہمراہ کسی ضروری کام کے لیے گئی تھی ، علامہ شبیر عثمانی روڈ بلاک 7 گلشن اقبال سے روڈ کراس کر رہی تھی کہ مسکن چورنگی کی جانب سے آنے والی گاڑی نمبر AX-695سلور رنگ کی مرسڈیز کو ڈرائیور نہایت غفلت و لاپرواہی سے چلاتا ہوا آیا اور انہیں روڈ کراس کرتے ہوئے روندتا ہوا فرار ہوگیا جس سے بی بی نوریہ اور بچہ 8سالہ سید یوسف آغا زخمی ہو گئے انہیں اسپتال لے جایا گیا۔

زخمی ہونے والا سید یوسف عیدالفطر کے پہلے روز نجی اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا تھا جبکہ زخمی ہونے والی خاتون کی حالت بھی انتہائی تشویشناک ہے وہ کومے میں ہے۔اتوار کو گلشن اقبال انویسٹی گیشن پولیس کے انسپکٹر سرفراز نے خفیہ اطلاع پر میمن گوٹھ کے علاقے میں ایک فارم ہاوس پر پولیس پارٹی کے ہمراہ چھاپہ مار کر مذکورہ مرسیڈیز برآمد کر لی۔فارم ہاوس کے ملازمین نے فوری طور پر فارم ہاوس کے مالک کو پولیس کے چھاپے کی اطلاع دی جس پر فارم ہاوس کا مالک سابقہ ایس ایس پی اور موجودہ رکن صوبائی اسمبلی فاروق اعوان موقع پر پہنچ گئے اور چھاپے کی تفصیلات معلوم کیں۔رکن صوبائی اسمبلی فاروق اعوان کا کہنا تھا کہ یہ گاڑی میرے علم میں لائے بغیر میرے فارم ہائوس پر کھڑی تھی ، میرے ایک دوست زاہد اعوان کا جاپان میں گاڑیوں کی خرید و فروخت کا کام ہے جو جاپان میں ہی مقیم ہے۔میرا دوست جاپان سے گاڑیاں منگوا کر میرے فارم ہائوس پر کھڑی کرتا ہے ، میرے ملازم نے بتایا کہ فارم ہائوس پر پولیس آئی ہے فارم ہاس پہنچا تو واقعے کا علم ہوا۔حادثے کا ذمے دار ڈرائیورفرقان تاحال گرفتار نہیں ہو سکا ، پولیس پارٹی نے زاہد اعوان کے گھر واقعے گلشن اقبال بلاک 7میں چھاپہ مارا تھا تاہم گھر پر کوئی بھی موجود نہیں تھا ، ڈرائیور کی تلاش میں پولیس چھاپے مار رہی ہے ، پولیس ذرائع کے مطابق گاڑی کا مالک زاہد اعوان سابقہ ایس ایس پی کا رشتے دار ہے جسے گرفتاری سے بچانے کے لیے خفیہ مقام پر بھیج دیا گیا ہے ۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی