i پاکستان

بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم بند کرے، اسپیکر قومی اسمبلیتازترین

July 13, 2024

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ   بھارت مقبوضہ کشمیر میں  انسانیت سوز مظالم بند کرے،  عالمی برادری سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق تنازع کو حل کروانے میں کردار ادا کرے، پاکستان کشمیری بہن بھائیوں کی مکمل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر  اپنے پیغام میں کہا کہ  یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، 13 جولائی 1931 کو ڈوگرہ فورسز کا سامنا کرتے ہوئے 22 کشمیریوں نے اپنی جانوں کی قربانی دی، پاکستانی عوام کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ شہدا کی قربانیوں کو آج بھی یاد کرتی ہے۔اسپیکر  نے کہا  بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر کے ناجائز قبضے کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد آج بھی جاری ہے، تاریخ گواہ ہے کہ طاقت کے زور پر کشمیریوں کی آواز  دبانے کی کوششیں ہمیشہ ناکام ہوئیں، مقبوضہ علاقے میں آبادیاتی ڈھانچہ تبدیل کرنے کی بھارتی سازش کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی، حق خود ارادیت کشمیری عوام کا بنیادی  حق ہے، اسپیکر  نے کہا کہ  بھارت مقبوضہ کشمیر میں  انسانیت سوز مظالم بند کرے،  عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی کھلی خلاف وزیوں پر ایکشن لے،  عالمی برادری سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق تنازع کو حل کروانے میں کردار ادا کرے، پاکستان کشمیری بہن بھائیوں کی مکمل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی